اسلام آباد (آن لائن ) دنیا بھر میں آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس کے حوالے سے معروف ویب سائٹ وکی پیڈیا کو گستاخانہ موا دنہ ہٹانے پر پاکستان میں بلاک کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے انتباہ کے باوجود توہین آمیز اور غیر قانونی مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کو گزشتہ روز بلاک کردیا گیا ہے ، اس حوالے سے پی ٹی اے کے حکام کی جانب سے بھی تصدیق کردی گئی۔پی ٹی اے حکام کے مطابق وکی پیڈیا کو بلاک کرنے سے قبل عدالتی احکامات پر ویب سائٹ سے توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر اسے ڈی گریڈ کیا گیا اور 48 گھنٹے کے لیے اس کی سروس کو آہستہ بھی کیا گیا ، وکی پیڈیا کو پورا موقع فراہم کیا گیا کہ وہ اس حوالے سے اپنا مؤقف سامنے رکھتے ہوئے توہین آمیز مواد ویب سائٹ سے ہٹائے لیکن نہ تو مواد ہٹایا گیا اور نہ ہی وکی پیڈیا کے حکام پی ٹی اے کے سامنے پیش ہوئے۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ وکی پیڈیا کی سروس کی پاکستان میں دوبارہ بحالی کے حوالے سے توہین آمیز اور غیر قانونی مواد ہٹانے کے بعد ہی غور کیا جائے گا۔