اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف بی آر نے ’مائلڈ ہائبرڈ وہیکلز‘ (Mild Hybrid Vehicles)پر 50فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد کر دی۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی گاڑی جس میں الیکٹرک موٹر نہ ہو۔
اسے ٹیکس سے بچنے کے لیے ہائبرڈ گاڑی قرار نہیں دیا جا سکتا۔یہ بات ایف بی آر کی کلاسیفکیشن کمیٹی کی طرف سے گاڑی درآمد کرنے والے ایک شخص کے خلاف فیصلے میں کہی گئی ہے۔ اس شخص نے ایسی گاڑی کو ہائبرڈ ڈکلیئر کر رکھا تھا جس میں الیکٹرک موٹر نہیں تھی اور اس کا مقصد ہائبرڈ گاڑیوں پر حکومت کی طرف سے دی گئی ٹیکس چھوٹ سے فائدہ اٹھانا تھا۔کمیٹی کی طرف سے کہا گیا کہ جس گاڑی میں الیکٹرک موٹر کے ذریعے طاقت کو پہیوں تک منتقل کرنے کا نظام نہ ہو، وہ ہائبرڈ یا الیکٹرک گاڑی نہیں کہلاتی۔ کسی گاڑی میں انٹیگریٹڈ آلٹرنیٹر یا سٹارٹر ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ ہائبرڈ گاڑی ہے۔اس طرح کے الیکٹرک سسٹمز گاڑیوں میں دیگر کئی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں، تاہم ہائبرڈ گاڑی صرف اسی کو تسلیم کیا جائے گا جس میں گاڑی کو دھکیلنے کے لیے صرف ہونے والی قوت الیکٹرک سسٹم سے آئے۔