اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پشاور، نوشہرہ،
شبقدر، مردان، سوات،کوہاٹ، صوابی، لوئر دیر، بنوں اور چار سدہ میں بھی محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز چترال کے مغرب میں 237 کلومیٹر کیفاصلے پر تھا، زلزلے کی شدت 5.6 اور زیر زمین گہرائی 190 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے باعث تاحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔اس سے قبل رواں سال پانچ جنوری کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے کئی شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ان زلزلے کے جھٹکوں کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا جس کی ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 173 کلومیٹر تھی۔امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا تھا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 تھی اور افغانستان کے شہر جورم سے 43 کلومیٹر دور تھی۔