کراچی (این این آئی) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم ، فخر زمان اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم کو 6وکٹوں سے شکست دیدی،نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 255رنز بنائے ، پاکستان نے ہدف 48.1اوور میں پورا کرلیا ، پاکستان کی جانب سے فخر زمان 56اور کپتان بابر اعظم نے 66رنز بنائے ،
محمد رضوان 77رنز کے ساتھ ناقابل شکست اننگز کھیلی ، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے 2، محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، نسیم شاہ مین آف دی میچ قرار پائے ۔ پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستانی فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے پاکستانی کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں ڈیوون کونووے کو صفر پر آؤٹ کرکے پویلین پہنچا دیا جس کے بعد دوسری وکٹ پر اوپنر فن ایلین اور کپتان کین ولیمسن نے اسکور 37 رنز تک پہنچایا تاہم محمد وسیم نے ایلین کو پویلین بھیج تھا وہ 29رنز بنا سکے جس کے بعد پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اسامہ میر نے کیوی کپتان کین ولیسمن کو 69 کے اسکور پر آئوٹ کر کے پاکستان کی جانب سے تیسری وکٹ حاصل کر لی ۔ کپتان کے آئوٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل نے ٹام لیتھام کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں ایک اچھی شراکت قائم کی تاہم محمد نواز نے ان کو 125 کے مجموعہ پر آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا ،مچل نے 55 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے 36 رنز بنائے جس کے بعد ٹام لیتھام 42 رنز بنا کر اسامہ میر کی دوسری وکٹ بنے تو نیوزی لینڈ کا اسکور 147 رنز تھا اور 5 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کو شدید دباؤ کا سامنا رہا۔کیوی ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد گلین فلپس اور مائیکل بریسویل نے بھی ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور
کوشش کی اور شراکت میں اسکور 213 رنز تک پہنچایا۔گلین فلپس بھی 37رنز بنا کر پویلین جا بیٹھے ،یہ نیوزی لینڈ کی چھٹے بیٹر ز تھے ،انہیں نسیم شاہ نے کپتان بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا۔مائیکل بریسویل نے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے تاہم نسیم شاہ نے 220 کے اسکور پر ان کی بھی وکٹیں بکھیر دیںجس کے بعد نسیم شاہ نے اگلی ہی گیند پر ہنری شپلے کو
بھی میدان آئوٹ کر کے پویلین بھیج دیا جس کے بعد مچل سینٹنر نے آخری اوورز میں 18 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 255 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم نسیم شاہ نے انہیں محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کر اکر اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں اور اس طرح نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔ٹم ساؤدھی 15 اور لوکی فرگوسن نے آؤٹ ہوئے
بغیر ایک رن بنایا ۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے 2، محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان 30 رنز پر اٹھانا پڑا جب امام الحق 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم بیٹر فخرزمان انجری کے بعد بہترین واپسی کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر نے میں کامیاب روہے ،
فخرزمان نے 74 گیندوں کا سامنا کیا ، بریسویل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان نے 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے ،فخر زمان اور کپتان بابراعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے۔کپتان بابراعظم نے بھی کیریئر کی 23 ویں نصف سنچری مکمل کی ، دوسرے اینڈ پر بابر اعظم کا محمد رضوان نے ساتھ دیا ،دونوں بلے بازوں کے درمیان 60 رنز کی شراکت ہوئی۔
بابراعظم نے 82گیندوں پر 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 5 چوکوں اور ایک چھکا شامل تھاجس کے بعد محمد رضوان نے محتاط انداز میں ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور ان کا ساتھ دینے کے لیے حارث سہیل میدان میں اترے اس دوران انہوں نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔حارث سہیل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 23 گیندوں میں 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے
اور ٹم ساؤدھی کی گیند پر ایک اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سینٹینر کو کیچ دے بیٹھے۔حارث سہیل کے آئوٹ ہونے کے بعد آغا سلمان نے محمد رضوان کا ساتھ دیا اور اس طرح پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 48.1اور ز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا کرہدف حاصل کرلیا ۔
آغا سلمان تیرہ رنز اور محمد رضوان 77رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بریسویل نے دو ،ٹم سائوتھی اور فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔اس سے قبل پاکستان نے میچ میں نوجوان اسپنر اسامہ میر کو ڈیبیو کرایا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلی نے بھی کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا ۔پاکستان ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، حارث سہیل،
سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر، ہنری شپلی، ٹم ساؤدھی اور لوکی فرگوسن شامل تھے ،یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوگئی تھی۔