کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ ” دوسرے کے عیبوں پر پردہ ڈالو” قرآن پاک کی کوئی آیت نہیں ہے بلکہ ایک حدیث میں دوسروں کے عیوب پر پردہ ڈالنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مفتی منیب الرحمان نے کہا ” خان صاحب نے فرمایا قرآن کی آیت ہے ” دوسرے کے عیبوں پر پردہ ڈالو”، ان سے گزارش ہے کہ قرآن میں ایسی کوئی آیت نہیں ہے تاہم قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے دوسروں کی عیب جوئی، طعن و تشنیع، ٹوہ لگانے، تمسخر اڑانے، برے ناموں سے پکارنے، بدگمانی، تجسس، اور غیبت سے منع فرمایا ہے، البتہ حدیث پاک میں دوسروں کے عیوب پر پردہ ڈالنے کی ترغیب بھی دی گئی ہے اور اس کا اجر بھی بیان فرمایا ہے،مگر یہ سب کیلئے ہے، نیز عزت کمانے کیلئے دوسروں کی عزت کرنی پڑتی ہے، ہماری دعا ہے: اللہ ہم عاجز بندوں سمیت خان صاحب اور سارے سیاسی قائدین کو کتاب و سنت کے احکام پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔”