اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر اپنے وفد کے ہمراہ منگل کی شب کابل سے واپس اسلام آباد پہنچ گئیں ۔ روزنامہ جنگ میں فاروق اقدس کی خبر کے مطابق حنا ربانی کھر نے منگل کو ایک ایسے حالات میں کابل کا دورہ کیا ہے جب پاک افغان چمن سرحد پر دوطرفہ فائرنگ اور تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں رواں برس اپریل میں شہباز شریف کا وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد حنا ربانی کھر پہلی خاتون راہنما ہیں جنہوں نے افغانستان کا دورہ کیا، کابل ایئرپورٹ پر پاکستان کی خاتون وزیر مملکت کا استقبال کرنے کیلئے عبوری حکومت میں مختلف عہدوں پر فائز کئی طالبان شخصیات موجود تھیں جنہوں نے سینوں پہ ہاتھ رکھ کر روایتی انداز سے ان کا خیرمقدم کیا جبکہ بعض طالبان نے اس موقعہ پر اپنی نظریں نیچی رکھیں۔