لاہور(این این آئی ) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے شوکت خانم ہسپتال سے خصو صی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں،عمران خان صاحب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہیں ،عمران خان صاحب نے کہا میں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے خان صاحب خیریت سے ہیں اور بالکل محفوظ ہیں۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتال میں موجود آئی جی پولیس کو اعلی سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،جے آئی ٹی میں کاؤنٹر ٹیرریزم ڈیپارٹمنٹ کو رکھا جائے گا تا کہ واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جاسکے۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں،ہم جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں، کن لوگو ں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا ،وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا ، کتنے اس کو پیسے ملے، کہاں سے لے کر آئے،لگتا ہے پہلے اس نے آکر پریکٹس کی اور کتنے ہی لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا کو بیان لیک کرنے والے پولیس عملے کو معطل کر کے موبائل ضبط کر لئے ہیں،فرانزک رپورٹ سے جاننا چاہتے ہیں کہ کس سے پولیس والوںکا رابطہ تھا،جہاں ملزم نے موٹر سائیکل کھڑی کی اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تفتیش آگے بڑھے گی تو میڈیا کے سامنے لائیں گے ، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔