لاہور( آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ کسی لانگ مارچ یا احتجاج کا حصہ نہیں ، ملک موجودہ حالات میں لانگ مارچ اور دھرنوںکا متحمل نہیں ہو سکتا ،اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک میں ایک ایسی معاہدے کی ضرورت ہے جس سے کوئی بھی حکومت عدم استحکام سے دوچار نہ ہو ، خاص طور پر میثاق معیشت نا گزیر ہے کیونکہ اس کے بغیر ریاست کا نظام نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں کسی لانگ مارچ یا احتجاج کا حصہ نہیں ہیں کیونکہ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ۔ سیاسی چپقلش کی وجہ سے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بیرون ممالک سے سرمایہ کاری بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حوالے سے حکومتی ذمہ داران سے رابطوں کی کوشش میں ہیں۔ تاجروں کے بہت سے ایسے مسائل ہیں جو کئی سالوں سے حل طلب ہیں۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ تاجروں سے ان کے مسائل سنے جائیں اور انہیں بلا تاخیر حل کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکسز کے حوالے سے بھی ہمارے تحفظات ہیں ، حکومت کو پیشکش کر چکے ہیں مارکیٹوں کے سروے کریں ،ہم تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں ، بلا وجہ خوف و ہراس پھیلانے سے سے ٹیکس نیٹ میں پہلے توسیع ہوئی ہے اورنہ آئندہ کوئی کامیابی ملنے کا امکان ہے اس لئے تاجروں کا اعتماد بحال کیا جائے ۔