اسلام آباد، نیروبی(آن لائن) سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کینیا میں مکمل کرلیاگیا، خاندانی ذرائع کے مطابق جسد خاکی منگل کی شام تک پاکستان پہنچنے کے امکانات ہیں ،جسد خاکی کو کولڈ ڈی فرسٹنگ کے لئے مارچری منتقل کردیاگیا ہے ۔
طبی ماہرین کے مطابق جسد خاکی کو کینیا سے پاکستان محفوظ حالت میں منتقل کرنے کے لئے 8 سے 10 گھنٹے تک کولڈ ڈیفراسٹنگ کے عمل سے گزارا جانا لازم ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیفراسٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ارشد شریف کا جسد خاکی منگل کی صبح پانچ بجے کے بعد کسی وقت متعلقہ پاکستانی حکام کے حوالے کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ارشد شریف کے جسد خاکی کو پاکستان منتقل کرنے کے لئے منگل کی صبح سات بجے ہوائی اڈے پر پہنچائے جانے کا امکان ہے۔ کینین وزارت خارجہ اور کینیا میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے ضابطے کی کاغذی کارروائی مکمل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ منگل کی صبح ارشد شریف کا جسد خاکی متعلقہ پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے قبل کینین حکام میڈیکل کلیئرنس سرٹیفیکیٹ بھی تیار کر لیں گے۔ ذرائع نے منگل کی شام چھ بجے کے بعد کسی وقت ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد کے ہوائی پر پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔