اسلام آباد (این این آئی)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ کینیا میں پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی ہے ۔
اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ کینیا میں پاکستان کی سفیرسیدہ ثقلین، کینیا کے پولیس حکام اور ڈاکٹرز اس وقت نیروبی میں مردہ گھر میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی،شناخت کے بعد اب میت کی واپسی کے لئے قانونی عمل شروع ہے ،اس وقت میت کی شناخت اور وطن واپسی کے لئے ضابطے کی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،کینیا کے حکام کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے سینئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر اظہار افسوس کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے ارشد شریف کے لواحقین سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ ارشد شریف کے قتل کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا،غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ارشد شریف کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور سوگوار خاندان کو صبر و جمیل کی دعا۔