نیو یارک (این این آئی) نئی ہالی ووڈ ہارر فلم ٹیریفائر 2کو دیکھنے والے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کروڑوں افراد ہارر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں جس کے باعث ہر سال ایسی متعدد فلموں کو ریلیز کیا جاتا ہے مگر ایسا بہت کم سننے میں آتا ہے کہ کسی
فلم کو دیکھتے ہوئے لوگ دہشت سے بے ہوش یا سنیماء سے بھاگنے سے مجبور ہوگئے۔مگر ایک نئی ہالی وڈ ہارر فلم ٹیریفائر 2 کو دیکھنے والے متعدد افراد کے ساتھ ایسا ہوا۔ایک قاتل جوکر کے گرد گھومنے والی یہ فلم 2016ء کی اسی نام کی فلم کا دوسرا حصہ ہے۔ فلم میں خونریزی کے مناظر کو ایسے انداز سے عکسبند کیا گیا ہے کہ جن کو دیکھ کر سنیما میں موجود متعدد ناظرین باہر بھاگنے پر مجبور ہوگئے،اسی طرح بے ہوش ہونے والوں یا قے کردینے والوں کی تعداد بھی کم نہیں۔سنیما کے باہر لوگوں کو دی جانے والی طبی امداد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں اور اس کے نتیجے میں یہ ہارر فلموں کے مداحوں کی ہمت کا امتحان ثابت ہونے والی فلم قرار دی جارہی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم بنانے والی ٹیم کو بھی اس صورتحال کا اندازہ تھا اور یہی وجہ ہے کہ سکریننگ کے موقع پر قے کرنیوالے بیگ ناظرین کو فراہم کیے گئے تھے۔فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر ڈیمین لیون نے بتایا کہ ‘مجھے لوگوں کو سنیما سے باہر بھاگتے دیکھنا پسند ہے کیونکہ یہ فلم سے دہشت زدہ ہونے کا اظہار کرتا ہے، مگر میں یہ نہیں چاہتا کہ لوگ بے ہوش ہو جائیں یا انہیں کوئی نقصان پہنچے۔