ہوبارٹ (این این آئی)آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں لگاتار دوسرے دن دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوا ، اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے دو مرتبہ کی چمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 42 رنز سے شکست دیدی۔ہوبارٹ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اسکاٹ لینڈ کے اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
اس مرحلے پر جیسن ہولڈر نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں حاصل کر کے اسکاٹ لینڈ کو دوہرا نقصان پہنچایا۔دوسرے اینڈ سے تجربہ کار جارج منسے نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔اسکاٹ لینڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجایا، منسے نے 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کلم میک لوئیڈ نے 23 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور ہولڈر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار نظر آئی اور کوئی بھی کھلاڑی اسکاٹش بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکا۔ہولڈر نے بالنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے 38 رنز جوڑے جبکہ کائل میئرز 20 اور برینڈن کنگ 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 118 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اسکاٹ لینڈ نے میچ میں 42 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ مائیکل لیسک اور بریڈ وہیل نے دو، دو وکٹیں لیں۔نصف سنچری اسکور کرنے پر جارج منسے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ میں لگاتار دوسرے دن سابق عالمی چمپئن ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز نمیبیا کی ٹیم نے سابق ٹی20 چمپئن سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔