اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان نے چارسدہ سے میدان مار لیا ہے ۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے 78ہزارپانچ سو 89ووٹ حاصل کیے ہیں
جبکہ ان کے مدمقابل اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے 68ہزار تین سے 56ووٹ حاصل کیے ہیں۔ عمران خان چارسدہ سے دس ہزار سے زائد ووٹوں سے جیتے ہیں ۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور کے بعد مردان کا میدان بھی مار لیا۔ این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔جیو نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم 68181 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 8500 ووٹوں سے شکست ہوئی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میںضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے عمران خان نے تینوں قومی اسمبلی کے نشستوں پر برتری حاصل کرلی ۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق عمران خان نے این اے31میں 57824ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی جبکہ اے این پی اور پی ڈی ایم کے غلام احمد بلور نے 32253ووٹ حاصل کئے اور اسے طرح این اے22 مردان اور این اے24 چارسدہ پر عمران خان کامیابی حاصل کرلی پشاور میں ضمنی انتخابات میں اب تک کے نتائج کی خوشی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے جشن شروع کر دیا۔پی ٹی آئی کارکنان نے شہر بھر میں پارٹی کیمپ میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیااورجیت کی خوشی میں کارکنوں نے آتش بازی اورہوائی فائرنگ بھی کی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔این اے 31میں ووٹر ٹرن آئوٹ 20.28فیصد رہی۔یاد رہے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی نشستوں پر انتخابات گزشتہ روز منعقد ہوئے جو صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا ۔خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 31پشاورمیں غلام احمد بلور ،این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان دونوں امیدواروں کی وفاقی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔