کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے صدر میں ہو ڈینٹل کلینک پر حملہ کرکے رونالڈو رائیونڈ چا کے قتل اور ڈاکٹر رچرڈ ہونو پا اور ان کی اہلیہ فن نائن پا کو زخمی کرنے کے مقدمے میں کانٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کے ہاتھوں گرفتار ملزم وقار خشک نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کی جاری کردہ پریس رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اداروں کی مدد سے دہشتگرد کے فٹ پرنٹ کا بخوبی جائزہ لیتے ہوئے اس کا تعاقب جاری رکھا اور اسے ملیر کے علاقے سے گرفتار کیا۔واردات کے بعد فرار ہونے کے بعد ملزم کے ٹھکانے تک کے راستے کی لگ بھگ 100 سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم تک پہنچا گیا۔پولیس تفتیش کے مطابق ملزم کا تعلق دہشتگرد تنظیم ایس آر اے اور اس کے ذیلی گروپ سندھ پیپلز آرمی (ایس پی اے)سے ہے۔ملزم سے کی گئی تفتیش کے مطابق ملزم اصغر علی شاہ عرف سائیں اور ذوالفقار خاصخیلی عرف سفیر سے رابطے میں تھا۔ملزم کے مطابق صدر میں غیر ملکیوں کے ڈینٹل کلینک پر حملے کا ٹارگٹ اسے ذوالفقار خاصخیلی نے دیا تھا۔پولیس نے اس حملے اور ان کے فرار کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تیار تصاویر میں سامنے آنے والی اشیا بھی برآمد کی ہیں۔گرفتار ملزم نے گلابی رنگ کا جو بیگ پہنا ہوا تھا وہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ملزم کی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔