اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کی مسلسل غیر حاضری کو ایوان کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان کی نشست خالی قرار دینے کا اشارہ دے دیا ہے۔اسپیکر نے ایوان میں بتایا کہ شیخ وقاص اکرم گزشتہ چالیس دنوں سے بغیر کسی باقاعدہ رخصت کے ایوان سے غیر حاضر ہیں، اور آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت اگر کوئی رکن قومی اسمبلی مسلسل چالیس دن تک غیر حاضر رہے تو اسپیکر یہ معاملہ ایوان کے نوٹس میں لا کر اس کی نشست خالی قرار دے سکتا ہے۔
اسی دوران رکن اسمبلی طارق فضل چوہدری نے یاد دہانی کرائی کہ ماضی میں میاں محمد سومرو کی نشست بھی اسی طرح کی غیر حاضری کے باعث خالی قرار دی گئی تھی۔رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار نے اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی پیش کی، جس میں شیخ وقاص اکرم کی مسلسل غیر حاضری کا حوالہ دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت ان کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر نے اس قرارداد پر آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔