اسلام آباد (این این آئی)سرکاری ملازمین نے وزیر مملکت برائے داخلہ کی مسائل کے حل کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق سرکاری ملازمین نے گزشتہ روز سے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دے رکھا تھا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ عبد الرحمن کانجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ سرکاری ملازمین سے ان کے مطالبات کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ،اسٹیک ہولڈرز تک ملازمین کے مطالبات پہنچائے گئے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی قیادت سے بھی سرکاری ملازمین کے مسائل پر بات ہوئی ہے ،ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کے حوالے سے پالیسی بننی چاہیے ،اپ گریڈیشن ، الائونسز پر سرکاری ملازمین کو اچھی خبر ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ ہے ،سابقہ حکومت میں سرکاری ملازمین کو آنسو گیس بھی کھانا پڑی ۔ انہوںنے کہاکہ احتجاج سرکاری ملازمین کا حق ہے مطالبات مانے جائیں گے ،سرکاری ملازمین کے مطالبات کے حوالے سے کمیٹی کام کررہی ہے ،ملازمین حکومت کے دست و بازو ہیں ۔صدر گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس رحمان باجوہ نے کہاکہ اگر مطالبات تسلیم نہیں ہوتے تو آٹھ نومبر کو دھرنا دینگے ،وزیر مملکت برائے داخلہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کررہے ہیں۔