واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے اپنے شہریوں کو جرائم اور دہشت گردی کی وجہ سے بھارت کا سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔
واشنگٹن کی جانب سے جاری نئی ٹریول ایڈوائزری میں امریکی محکمہ داخلہ نے انڈیا ٹریول ایڈوائزری سطح کو ایک سے 4 کے پیمانے پر کم کرکے 2 کردیا ۔امریکی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق بھارت میں حکام نے رپورٹ کیا کہ ریپ بھارت میں تیزی سے بڑھتے ہوئے جرائم میں سے ایک ہے، جنسی زیادتی جیسے پرتشدد جرم سیاحتی مقامات اور دیگر مقامات پر پیش آئے ہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ دہشت گرد بہت کم یا بغیر کسی وارننگ کے حملہ کر سکتے ہیں، سیاحتی مقامات، نقل و حمل کے مراکز، بازاروں/شاپنگ مالز اور سرکاری سہولیات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ٹریول ایڈوائزری میں کہا کہ امریکی حکومت کے پاس مشرقی مہاراشٹر اور شمالی تلنگانہ سے لے کر مغربی مغربی بنگال کے دیہی علاقوں میں امریکی شہریوں کو ہنگامی خدمات فراہم کرنے کی محدود صلاحیت ہے کیونکہ امریکی حکومت کے ملازمین کو ان علاقوں میں سفر کرنے کے لیے خصوصی اجازت حاصل کرنی ہوگی۔