لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔عالمی منڈی میں ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، دوسری طرف ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 93 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔دوران ٹریڈنگ عالمی منڈی میں گیس کی قیمت میں 5 فیصڈ کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان میں تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی جبکہ گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مالی سال 2021-22 میں گیس کی پیداوار 2 فیصد کمی کے ساتھ 3 ارب 38 کروڑ مکعب فٹ رہ گئی تھی۔پاکستان پیٹرولیم انفارمیشن سروس کے اعداد و شمار کے مطابق 30 ستمبر2022 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار66438 بیرل ریکارڈ کی گئی۔مذکورہ پیداوار23 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے مقابلہ میں 3 فیصد کم ہے، 23 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار68497 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔اسی طرح 30 ستمبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار3273 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی ہے جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 4.8 فیصد زیادہ ہے، 23 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3124 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔اعداد و شمارکے مطابق 30 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار32966 بیرل ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 1.5 فیصد کم ہے۔
اوجی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر10.2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔پی پی ایل کے خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوارمیں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر10.5 فیصد کی کمی اور گیس کی پیداوار میں 1.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔پی او ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر1.1فیصد اور گیس کی پیداوار میں بھی 1.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماڑی گیس کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوارمیں ہفتہ وار بنیادوں پر2.7 فیصد اور گیس کی پیداوار میں 1.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔