اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ ضلعی عدالت کے علاقہ مجسٹریٹ نے خاتون مجسٹریٹ زیباچوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ پولیس کی درخواست پر علاقہ مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔وارنٹ گرفتاری تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو درج مقدمے میں جاری کیے گئے، مقدمے میں عمران خان کے خلاف پینل کوڈ کی دفعہ 504/506 اور 188/189 لگی ہوئی ہے،عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کا نمبر 407 ہے۔مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔ علاقہ مجسٹریٹ نے سابق وزیراعظم چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتارکر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔