لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کہتے ہیں عمران خان بہت ضدی ہے بات نہیں مانتا ،اگر ملک پر مسلط ڈاکوئوں نے میرا پیسہ لوٹا ہوتا تو معاف کر دیتا ، انہوںنے غریبوں کا پیسہ لوٹا ہے ، ملک میں پانچ کروڑ افراد دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے،
جب تک انسان خوف کا بت نہیں توڑتا پرواز نہیں کر سکتا، صرف ایمان ہی انسان کا کردار بدل سکتا ہے ۔ لاہور میں علماء مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے موبائل فون ہے ، ہمیں بچوں کی تربیت کی ضرورت ہے ، ہمیں سیرت النبی ﷺ سے بچوں کی تربیت کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بڑے چوروں کی چوری کو معاف کر دیا جائے تو معاشرہ تبا ہ ہونا شرو ع ہو جاتا ہے ۔ آج بڑ ااہم وقت ہے ، نامور ڈاکوئوں کو بٹھا دیا گیا ہے ، جو تیس سال سے چوری کر رہے تھے ، یہ ملک لوٹتے ہیں اور باہر چلے جاتے ہیں، این آر او لیتے ہیں اور واپس آ کر پھر ملک کو لوٹنا شروع کر دیتے ہیں ۔ اگر ہم اس ظلم او رنا انصافی پر خاموش رہیں گے تو پھر بھیڑ بکریوں اور انسانوں میں کیا فرق ہے ۔ عمران خان نے کہاکہ علماء مشائخ میرے ساتھ مل کر جہاد لڑیں ، جب پاکستان بن رہا تھا اس وقت بھی مشائخ کی بہت بڑی طاقت تھی ، آج پھر پاکستان کو آپ سب کی ضرورت ہے ، پاکستان کے ساتھ واردات ہوئی ہے اگر ہم اس کو تسلیم کر لیتے ہیں تو واضح ہونا چاہیے کہ ہم ملک کے مستقبل کی قبر کھود رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ سب کو ملک کے لئے ڈیوٹی دینے پڑے گی ، لوگوں کو سیرت النبی ﷺاور سنت کے تحت جگانا شروع کریں ، ملک بڑی تیزی سے نیچے جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بیرون ممالک سے پیسے مانگ رہے ہیں حالانکہ ان کے اپنے اربوں روپے باہر پڑے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ ہماری چار حکومتیں ہیں، ہم گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بارہ ربیع الاول بھرپور طریقے سے منائیں گے،اس میں اپنے نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی سیرت سے بھی آگاہ کریں گے اور ان کے کردار کو بھی اوپر اٹھائیں گے۔ وہ وقت آئے گا ۔ میری خواش ہے کہ پاکستانیوں کا کردار دیکھ کر لوگ اسلام کی طرف آئیں ۔