اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پرسابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع ہوگئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 8 ستمبر کوخاتون جج کو دھمکی دینے پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت
کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے2 ہفتوں میں فوری انتخابات کا اعلان نہ کرنے کی صورت میں ملک گیر احتجاج کرنے کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ انتباہ کے بعد پیشگی اقدامات کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے دارالحکومت کے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کردی۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے حکومت پر فوری انتخابات کے اعلان کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے ہفتے سے نئی تحریک شروع کرنے کے اعلان پر وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی کے دارالحکومت کی جانب لانگ مارچ اور ڈی چوک تک پہنچنے کی کوشش کی حمایت کرنے والے صوبوں میں گورنر راج نافذ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے انہیں سخت کارروائی سے خبردار کیا ہے۔وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف میں کنٹینرز لگا کر سیکیورٹی سخت کردی۔ذرائع کے مطابق بظاہر پی ٹی آئی کے متوقع احتجاج کو روکنے کے لیے دارالحکومت پولیس نے صوبوں اور پیرا ملٹری فورسز سے اضافی نفری بھی طلب کی ہے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق پنجاب سے اسلام آباد کی جانب آنے والی سیاسی ریلی کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ امن و امان کی خراب صورتحال سے بچنے کے لیے ریڈ زون کے علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔