اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیرِ خزانہ، مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی درخواست خارج کر دی۔سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت اسحاق ڈار کی جانب سے اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست عدالتِ عظمیٰ سے واپس لے لی گئی۔سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔درخواست خارج ہونے سے اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دینے کا فیصلہ برقرار ہے۔اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس معاملے پر متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔شہباز گِل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت میں مقدمے کا چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔عدالت نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مکمل چالان پیش کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ شہباز گِل کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج ہے۔