آئی ایم ایف نے سیلاب متاثرین کیلئے بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد (این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ طے ہونے والے موجودہ پروگرام کے تحت ملک میں سیلاب متاثرین کیلئے
ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں مدد کریگا۔پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز روئز نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کو پاکستان میں ہونے والی سیلاب کی تباہی پر گہرا دکھ ہے، لاکھوں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم موجودہ پروگرام کے تحت حکام کی امداد اور بحالی کی کوششوں اور خاص طور پر پائیدار پالیسیوں اور میکرو اکنامک استحکام کو
یقینی بناتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے ان کی جاری کوششوں کی حمایت کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
ملک بھر میں مون سون کی ریکارڈ بارشوں اور شمال میں پہاڑی سلسلے پر برف پگھلنے سے آنے والے سیلاب نے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے
اور 14 جون سے اب تک ایک ہزار 540 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، سیلاب سے گھر، سڑکیں، ریلوے، مویشی اور فصلیں بہہ گئی ہیں، نقصان کا تخمینہ30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔