اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کینیڈا کے شہر سرے میں بھارتی مزاحیہ اداکار کپل شرما کے حال ہی میں قائم کردہ “کیپس کیفے” پر ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق، اس سے قبل بھی پچھلے ماہ اسی کیفے کی عمارت پر نامعلوم افراد نے گولیاں چلائی تھیں، جبکہ جمعرات کی شب دوبارہ حملہ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد کیفے کی کھڑکیوں پر تقریباً چھ گولیوں کے نشانات دیکھے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، فائرنگ کی آواز سے قریبی رہائشی نیند سے جاگ اٹھے، جب کہ اس واقعے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں فائرنگ کی آوازیں واضح طور پر سنی جا سکتی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، گورپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلوں اور لارنس بشنوئی گینگ نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک مبینہ پوسٹ میں کہا گیا کہ کپل شرما کے کیفے پر ہونے والی فائرنگ انہی کے حکم پر کی گئی۔مزید یہ کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بشنوئی گروہ کے گینگسٹر ہیری باکسر کی ایک آڈیو ریکارڈنگ منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے کسی بھی ہدایتکار، پروڈیوسر یا فنکار کو نشانہ بنایا جائے گا۔آڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ کپل شرما کے ریسٹورینٹ پر دونوں بار فائرنگ کی اصل وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے نیٹ فلکس شو کی پہلی قسط میں سلمان خان کو مدعو کیا تھا۔