لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے لندن میں مظاہرہ کیا۔مظاہرے کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔
انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔یاد رہےکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کو لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار خواجہ آصف سلیمان شہباز مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی حسن نواز کے دفتر آمد پر نواز شریف نے استقبال کیا، ملاقات میں سیاسی صورتحال سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ملاقات میں عمران خان کی حکومت مخالف مہم، پنجاب میں سیاسی صورت حال ، معاشی بحران اور دیگر امور پر نواز شریف کو آگاہ کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کسی کا دبا ئوقبول نہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیلاب متاثرین کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، حکومت بحالی کیلئے کوششوں میں تیزی لائے۔
بعدازاں ملاقات کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے پاکستان میں سیلابی صورتحال پر مختصر بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کی نواز شریف سے طویل مشاورت ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اداروں کی مدد سے کام کررہی ہے ،برادرممالک کاتعاون جاری ہے اور امدادی سامان آرہا ہے، پاکستانی عوام بھی سیلاب متاثرین کیلئے عطیات فراہم کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب میں گھریعوام کی ہرممکن مدد کی جائے گی، حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں فرض کی ادائیگی کر رہی ہیں، سیلاب متاثرین میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم تقسیم کی جارہی ہے، عنقریب سیلاب متاثرین کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
PTI and PMLN supporters face off in London after PM Shahbaz Sharif meets Nawaz Sharif pic.twitter.com/CBRa0rZu9J
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) September 18, 2022