اسلام آباد (نیوز ڈیسک) واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکا نے ویزا کے حصول کے حوالے سے ایک نیا تجرباتی منصوبہ (پائلٹ پروگرام) متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت مخصوص افراد کو بھاری رقم بطور ضمانت جمع کروانا ہوگی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسکیم کے تحت ایسے ممالک کے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن کے افراد امریکا جا کر وقتِ مقررہ پر واپس نہیں لوٹتے۔
ان نئے ضوابط کے مطابق، ان درخواست گزاروں کو امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے 15 ہزار امریکی ڈالرز بطور ضمانت جمع کروانے ہوں گے۔اگر کوئی مسافر طے شدہ مدت پر امریکا سے واپس لوٹ آتا ہے تو اسے جمع کروائی گئی یہ رقم واپس کر دی جائے گی۔یہ پائلٹ پروگرام 20 اگست سے نافذ العمل ہوگا اور ابتدائی طور پر ایک سال تک جاری رکھا جائے گا تاکہ اس کی کامیابی یا ناکامی کا جائزہ لیا جا سکے۔