اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گوجرانوالہ کے ایک نجی ہسپتال میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دے کر نہ صرف اپنے گھرانے بلکہ پورے علاقے میں خوشی کی فضا قائم کر دی۔ذرائع کے مطابق، خاتون کو گزشتہ روز ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں کامیاب زچگی کے بعد ان کے ہاں چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ اس غیرمعمولی ولادت پر ہسپتال کا عملہ اور دیگر مریضوں کے تیماردار بھی حیرت زدہ رہ گئے۔
بتایا گیا ہے کہ نومولود بچیوں میں سے ایک کی حالت قدرے تشویشناک ہے، جسے فوری طور پر نرسری وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تاکہ اس کی مکمل نگہداشت کی جا سکے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کومل نامی یہی خاتون دو برس قبل بھی بیک وقت تین بچوں کو جنم دے چکی ہیں، یوں صرف دو سال کے عرصے میں وہ آٹھ بچوں کی ماں بن چکی ہیں، جس پر خاندان کے افراد بے حد خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماں اور تمام بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔