ٹنڈو محمد خان(این این آئی)صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان میں ایک وڈیرے کے اشارے پر خواتین نے سماجی ورکر رضیہ سہتو پر حملہ کر کے انھیں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے گاؤں ہاشم سہتو میں
سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر رضیہ سہتو پر خواتین نے حملہ کر کے ان پر تشدد کیا۔وڈیرے کے اشارے پر مشتعل خواتین نے رضیہ سہتو کو یرغمال بنایا اور موبائل چھیننے کی کوشش کی، ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔رپورٹ کے مطابق رضیہ سہتو بیمار متاثرین میں دوائیں تقسیم کرنے گئی تھیں، وہ ڈیڑھ ماہ سے سیلاب متاثرین کو راشن اور خیمے فراہم کر رہی ہیں، تاہم گاؤں کا وڈیرہ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔وڈیرے کی بدمعاشی بھی سامنے آ گئی ہے، رضیہ سہتو کے مطابق وڈیرے نے کہاکہ جو بھی امدادی کام کرنا ہے مجھ سے پوچھ کر کرو، وڈیرے ہی نے خواتین کو حکم دیا کہ انھیں گاؤں میں نہ آنے دیں، منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں رضیہ کی گاڑی پر خواتین حملہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔واقعے کی ایف آئی آر پولیس نے اپنی مرضی کے مطابق درج کرلی ہے۔متاثرہ سماجی کارکن رضیہ سہتو کے مطابق ایف آئی آر وڈیرے کی خواہش کے مطابق درج کی گئی ہے، پولیس جان بوجھ کر اس کی گرفتاری میں تاخیر کر رہی ہے، اور ایف آئی آر میں سہولت کار وڈیرے کا نام شامل نہیں کیا گیا۔