اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے لیاری جنرل اسپتال میں ایک غیر معمولی طبی کیس سامنے آیا جہاں ملیر کھوکھرا پار سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ذہنی معذور خاتون کے معدے سے بغیر سرجری کے لوہے کا تالا نکال لیا گیا۔اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر انجم رحمان کے مطابق مذکورہ خاتون کو صبح ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا، جہاں ان کی حالت تشویش ناک تھی۔ ابتدائی معائنے اور ایکسرے رپورٹ میں خاتون کے پیٹ میں لوہے کا تالا واضح طور پر موجود تھا، جو انہوں نے نگل لیا تھا۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ صورتحال خاصی نازک اور پیچیدہ تھی، مگر اسپتال کی ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے لیپرواسکوپی کی مدد سے کامیابی سے تالا نکال لیا، اور اس عمل میں کسی قسم کی روایتی سرجری کی ضرورت نہیں پڑی۔ڈاکٹر انجم کے مطابق خاتون اب روبہ صحت ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔