کراچی(آئی این پی، این این آئی)مارکیٹ میں بخار سے متعلق میڈیسن کی قلت پیدا ہوگئی اور پینا ڈول کا پیکٹ مارکیٹ میں ہزار روپے کا فروخت ہونے لگا،تفصیلات کے مطابق سندھ سمیت کراچی میں شدید بارشوں کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں میں اضافہ ہوگیا ۔
جس کے باعث بخار سمیت عام ادویات بازار سے غائب ہوگئیں،کراچی کی مارکیٹ میں بخار سے متعلق میڈیسن کی قلت پیدا ہوگئی ہے، پینا ڈول کا پیکٹ ہول سیل مارکیٹ میں ہزار روپے کا ملنے لگا جبکہ میڈیکل اسٹور پر پینا ڈول کا پیکٹ 1200روپے میں فروخت ہورہا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت نے ڈینگی اور ملیریا کے ٹیسٹ کی قیمتوں میں کمی کردی۔محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈینگی کے زیادہ تر مریضوں کو ہلکا بخار تھا، انہوں نے پرائیویٹ کلینکس یا ہسپتالوں کے آٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ میں علاج کروایا تھا۔اہلکار کے مطابق ہسپتال اپنے او پی ڈی مریضوں کا مناسب ریکارڈ نہیں رکھتے ،فیملی فزیشنز اور شہر کی لیبارٹریز پروٹوکول کے تحت اپنا ڈیٹا شیئر نہیں کرسکتے لہذا سرکاری اعداد و شمار مذکورہ کیسز کی اصل تعداد سے مختلف ہیں کیونکہ صرف شدید ڈینگی کے بخار والے مریض ہسپتال میں داخل ہوسکتے ہیں۔اہلکار کے مطابق ڈینگی بخار کے کیسز کی موجودہ تعداد اس سے 5گنا زیادہ ہو سکتی ہے جو محکمہ صحت کی جانب سے بتائی جا رہی ہے۔