لاہور( این این آئی)چینی گروپ نے سیلاب متاثرین کے لئے کم لاگت کے پری فیبریکیٹڈ مکانات بنا کر دینے کا منصوبہ پیش کیا ہے ، چینی کمپنی جذبہ خیر سگالی کے تحت کوئی منافع نہیں لے گی ۔
پاکستان میں چین کے ہینان ڈی آر گروپ کے مینیجر ژانگ شیلو نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بے گھر ہونے والے افراد کو جلد سے جلد چھت کی فراہمی کے لئے تقریباً 1.8 ملین روپے فی یونٹ کے حساب سے کم لاگت کے مکانات تعمیر کرکے دینے کیلئے پیشرفت کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک یونٹ کی اصل قیمت 2.6 سے 2.8 ملین روپے ہے، تاہم کمپنی کی انتظامیہ نے سیلاب زدگان کی بحالی سے کوئی منافع نہ لینے کا فیصلہ کیاہے ۔انہوں نے پاکستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کے لیے چین سے خام مال کی درآمد پر ہر قسم کے ٹیکس اور ڈیوٹیز سے استثنیٰ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بے گھر لوگوں کو چھت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ماہانہ 200 گھر اور ایک سال میں 2000 سے زیادہ گھر تیار کر سکتے ہیں۔