اسلام آباد(آن لائن) رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا احتجاج رنگ لے آیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سیلاب متاثرین کیلئے کٹوتی کی گئی تنخواہ انھیں واپس کردی ۔جی ڈی اے ترجمان کے مطابق سیکرٹریٹ نے رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو سے پوچھے بغیر تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں بھجوا دی تھی۔
سائرہ بانو نے سپیکر اور وزیراعظم پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اپنی تنخواہ مانگی تھی ۔ قومی اسمبلی نے ان کی تنخواہ واپس کردی۔سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ افراد کیلیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ الخدمت فاونڈیشن اور جے ڈی سی کو دے رہی ہوں۔ علاوہ ازیں سائرہ بانو کے بعد جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سے اپنی تنخواہ واپس کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ مولانا عبدالااکبر چترالی نے میڈیا سے گفتگوکے دوران کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت پر اعتبار نہیں، میرے حلقے میں ابھی تک حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں شروع نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی اراکین اسمبلی کو فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی میں شامل کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ میں نے بھی اپنی کٹوتی کی گئی تنخواہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے میں یہ رقم اپنے حلقے میں خود ہی خرچ کرونگا۔ سائرہ بانو کا احتجاج رنگ لے آیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سیلاب متاثرین کیلئے کٹوتی کی گئی تنخواہ انھیں واپس کردی ۔