اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کے شوہر کی سیلاب متاثرین کیساتھ 50روپے کی امداد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔روزنامہ جنگ میں بلال عباسی کی خبر کے مطابق فریال تالپور کے شوہر نے راشن کے منتظر سیلاب متاثرین کو 50کا
نوٹ دیکر جان چھڑائی، ویڈیو میں انہیں متاثرین میں 50 روپے کا نوٹ تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے.سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کسی نے لکھا شرم تم کو مگر نہیں آتی تو کسی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی 50 روپے میں کیا داد رسی ہو سکے گی۔دوسری جانب وفاقی کابینہ نے چاروں صوبوں میں پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت پاک فوج کے دستے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں سول انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔ پاک فوج کے دستے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت چاروں صوبوں میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت داخلہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنے کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی تھی۔