اسلام آباد، لاہور (این این آئی، آن لائن)سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری تاحال وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے دفتر میں پیش نہ ہو سکے۔قاسم سوری کے مطاب قمجھے ایف آئی اے کا نوٹس گزشتہ روز کوئٹہ کے گھر پر موصول ہوا تھا، کوئٹہ کیلئے فلائٹ دستیاب نہیں۔
ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوسکا۔قاسم سوری نے کہاکہ میں نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے۔واضح رہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو ساڑھے 11 بجے ایف آئی اے کوئٹہ میں طلب کیا گیا تھا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوگئے۔ میاں محمود الرشید گزشتہ روز ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے طلب کرنے پر شامل تفتیش ہوئے جہاں انویسٹی گیشن ٹیم نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 2 اکائونٹس کے بارے میں ان سے سوالات کئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں اکائونٹس کے چیکوں پر دستخط کے اختیارات میاں محمود الرشید کے پاس تھے۔ ایف آئی اے کے اعلیٰ آفیسر کی سرربراہی میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں پی ٹی آئی کے متعلقہ رہنمائوں سے تحقیقات کرے گی جبکہ لاہور میں ٹیم نے میاں محمود الرشید کو 11 اگست کے لئے طلب کر رکھا تھا۔ مذکورہ ٹیم کارپوریٹ کرائم ونگ سے متعلقہ ہے۔