اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی
کا اعلان کر دیا ہے، 10 سے 14 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید مون سون کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے جس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ ہمیں بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، آج سے کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ ادراوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سینیٹر شیری رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔