لاہور، لندن( این این آئی)سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نجی دورے پر لندن روانہ ہو گئے ۔حمزہ شہباز شریف نجی ائیرلائن سے لندن روانہ ہوئے ۔ حمزہ شہباز لندن میں اپنے خاندان کے افراد سے ملیں گے ۔ حمزہ شہباز شریف کی مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات ہو گی۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ملک کیلئے انتہائی خطرناک قرار دے دیا ہے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ8 سل بعد آیا ہے، عمران خان نے غیر ملکیوں سے پیسہ لیا اور پاکستان کی معیشت، معاشرہ اور سیاست تباہ کر کے رکھ دی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ آیا ہے جبکہ ہمارے زمانے میں واٹس اپ پر مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی)بن گئی تھی۔سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی نے فٹا فٹ آنکھ جھپکتے ہی اپنی جعلی رپورٹ بنادی تھی جبکہ فارن فنڈنگ کیس کی 8 سال تفتیش ہوچکی ہے اور سب کچھ سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ایسی جگہ پہنچا دیا ہے، جہاں اسے اپنے پاوں پر کھڑا کرنا مشکل ہورہا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ یہ قوم کو درس دیتا تھا کہ دیانتدار، ایماندار ہوں، چوری نہیں کرتا جبکہ عمران خان کا تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ثابت ہوگیا ہے۔