لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ دوران اقتدار بڑی غلطیاں ہوئیں، سب سے بڑی غلطی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تھی،انتخابی فہرستوں میں بہت غلطیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن پرانی فہرستوں پر ضمنی انتخابات
کروائے،شہباز اور حمزہ کے کیسز ختم کرکے مونس الٰہی کے گھرپر چھاپہ مارا گیا،ملک میں چل کیا رہا ہے؟ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حماد اظہر نے ووٹرز لسٹوں میں غلطیوں اور ضمنی الیکشن سے متعلق درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں جمع کرادی جس میں پنجاب خصوصی طور پر لاہور میں کی جانے والی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں میں فاش غلطیوں سے متعلق اعتراضات جمع کرائے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں بہت غلطیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ پرانی انتخابی فہرستوں پر ضمنی انتخابات کروائے جائیں۔میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے اعتراف کیا کہ دوران اقتدار ہم سے بڑی غلطیاں ہوئیں، جس میں سب سے بڑی غلطی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تھی، ہمیں الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر سنجیدہ تحفظات ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ منی لانڈرنگ کے اہم کردار مقصود چپڑاسی کو لندن میں قتل کیا گیا ہے، ان کی موت طبعی نہیں ہوئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز اور حمزہ کے کیسز ختم کرکے مونس الٰہی کے گھرپر چھاپہ مارا گیا ملک میں چل کیا رہا ہے؟ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔