رائے ونڈ(این این آئی) ریلوے حکام نے نفع میں چلنے والی ریل گاڑیوں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا،پہلے مرحلے میں تیز گام دو ریل کار شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے افسران نے اپنی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالتے ہوئے نفع میں چلنے والی تین اہم ریل گاڑیوں کو
ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا ہے،اس اقدام سے ریلوے کو سرکاری سطح پر مزید خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ نجی ٹھیکیدار کمپنی ٹرینوں کی مد میں روزانہ کروڑوں روپے نفع کمائے گی۔ ذرائع کے مطابق ریلوے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے نفع میں چلنے والی ٹرینوں کو ٹھیکے پر دیکر من پسند افراد کو نوازنے کی کوشش کی جارہی ہے جو تینوں ریل گاڑیوں سے کروڑوں روپے یومیہ منافع حاصل کرینگے ۔ذرائع کے مطابق ریلوے افسران کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے قبل ازیں متعدد ٹھیکیدار کمپنیاں کروڑوں روپے کی نادہندہ ہیں جنہوں نے کراچی جانیوالی ٹرینیں ٹھیکے پر لے رکھی تھیں لیکن اسکے واجبات ادا نہیں کئے۔ریلوے افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی بجائے ٹرینوں کی نجکاری کرکے اپنی جان خلاصی کروانا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق منافع میں چلنے والی7اپ اور 8ڈان تیز گام ایکسپریس کی 30جون تک بکنگ ہو گی،تیزگام کی راول پنڈی سے کراچی اور کراچی سے راول پنڈی کی بکنگ 30جون تک کی جارہی ہے،جبکہ 105اپ اور 106ڈان راول ایکسپریس،103اپ،104ڈان سبک خرام ایکسپریس کو بھی ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا ہے،یکم جولائی سے نجی کمپنی تینوں ٹرینوں کی بکنگ کرے گی۔