اسلام آباد ٗ پشاور (آئی این پی ٗ این این آئی) پاکستان کے سابق وزیرخارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے گذشتہ روز عمران خان کے منع کرنے کے باوجود ایک ضروری فون کال سننے سے متعلق وضاحت دی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے جب شاہ محمود قریشی
سے سوال کیا گیا کہ عمران خان کے منع کرنے کے باوجود آپ نے جو فون کال سنی وہ دھمکی تھی یا پیغام تو ان کا جواب تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموشی اختیار کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرنے کے لیے عمران خان کی پریس کانفرنس شروع ہونے سے پہلے شاہ محمود قریشی کو اہم فون آگیا۔شاہ محمود نے عمران خان کو نمبر دکھایا، عمران خان نے ہنس کر کہا، بند کر دو اسے اس کے باوجود شاہ محمود قریشی نے فون سنا۔عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ فون بند کر دو، سب ڈسٹرب ہو رہے ہیں، شاہ محمود قریشی نے فون بند کر کے عمران خان کو فون کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں آپ کال لو ورنہ آپ کو ٹریپ کردیں گے۔شاہ محمود کو جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کر دیں، کر دیں،پی ٹی آئی رہنما کی فون کال کا دورانیہ ایک منٹ سے زیادہ تھا۔