لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے چینی کی مد میں لاہور سمیت صوبے بھر کے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے بتایا گیا ے کہ اس سلسلے میں محکمہ خوراک پنجاب اور شوگر ملز مالکان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت عوام کو سستی
چینی فراہم کرنے کے لئے شوگر ملز مالکان کو ٹیکس کی مد میں ریلیف دے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کیلئے شوگر ملز مالکان نے شوگر ملز پر عائد ٹیکسز میں کمی کرنے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ وہ معاملات طے ہونے کے بعد سب سے پہلے اپنی شوگر ملوں سے عوام کو سستی چینی فراہم کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور سمیت صوبے بھر کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کی کمی کردی ہے اس کمی کے ساتھ شہر کے عام بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا اب 650 روپے کی بجائے 450 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کے ساتھ ساتھ گھی، کوکنگ آئل اور چینی کی قیمتیں بھی کم کی جائیں۔