اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے عمران خان اور شہباز گل پر بیرون ملک سے ترسیلات زر روکنے کی سازش کرنے کا الزام عائد کر دیا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران نیازی اینڈ چیلہ گل ملک میں
سول نافرمانی کرانے کی سازش کر رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ عمران نیازی کی اسی ذہنیت کا تسلسل ہے جس میں اس نے کنٹینر پر کھڑے ہوئے کہا تھا کہ بل جمع نہ کراؤ، ٹیکس نہ دو، پیسے ہنڈی کے ذریعے بھجواو۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی مداری کے گل جیسے چیلے چماٹے روز نئی مداری کرتے ہیں،ایکٹر گل مداری چھوڑ دو، بیرون ملک پاکستانیوں کو نمائندگی ہم دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے میں نہیں، ان کے پیسوں میں دلچسپی رکھتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بیان عمران نیازی کی بیرون ملک پاکستانیوں سے پھر پیسے ہتھیانے کی چندہ مہم کا اشتہار ہے ۔انہوںنے کہاکہ پہلے فارن فنڈنگ کے لاکھوں ڈالر اور اربوں روپے کا حساب دو۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی دفاتر کھولنے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں سے جو اربوں روپے لئے اس کا حساب دو ،چندے کا حساب مانگنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو تھپڑ مارنے والوں کا ووٹ کے حق کی بات کرنا صرف فراڈ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی اوورسیز پاکستانیوں کو صرف چکر دے سکتا ہے، ووٹ کا حق نہیں،عمران نیازی نے بیرون ملک پاکستانیوں کو صرف اپنی کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوسربازی کی ’’عمران اکیڈمی‘‘سے فارغ التحصیل ’’ایکڑ گل‘‘نے ایکٹنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔