اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /آئی این اپی )شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی عائد کرتے ہوئے شادی ہالز بند کرنے کا وقت 10 بجے مقرر کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شادی ہالز اور تقریبات میں ون ڈش کی پابندی لاگو کردی گئی
، شادی ہالزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہمیں نوٹی فکیشن مل گیا ہے جبکہ شادی ہالز بند کرنے کا وقت بھی 10 بجے مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے شادیوں میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم دیدیا ہے۔ لاہور میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی سمیت دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔ وزیراعلی نیہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے اورخلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اوراس اقدام سے عام آدمی اورسفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گا۔ حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے اور ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کا روزانہ کی بنیاد پرخود جائزہ لوں گا۔