اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ہفتے کی چھٹی بحال کرکے ملک بھر میں 900میگاواٹ بجلی بچائی جاسکتی ہے۔ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر خاقان نجیب کا کہنا تھا کہ حکومت کو ورک فرام ہوم، پبلک ٹرانسپورٹ اور سائیکل کا استعمال ضروری ہے حکومت کو اس کے لیے عملی اقدامات کرنا چاہیئے، جب کہ فضائی سفر اور نجی کاروں کا استعمال کم کیا جائے۔ روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر کی خبر کے مطابق، حکومت اب تک ہفتے میں چھ روز کام کرنے کے فیصلے پر قائم ہے حالاں کہ حکام نے تجویز دی ہے کہ ہفتے کی چھٹی بحال کرکے 700 میگاواٹ سے 900 میگاواٹ بجلی بچائی جاسکتی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جمعے کے روز جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں کے دفاتر ہفتے میں چھ روز کام کریں گے۔ اس ضمن میں پیر سے جمعرات اور ہفتے کے روز دفتر کے اوقات صبح آٹھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک ہوں گے۔