اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بڑی سازش کے تحت ہٹائی گئی، تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے،جب تحقیقات ہوں گی تو پتا چلے گا کس نے اس ملک کے ساتھ غداری کی،کس طرح توہین مذہب کے شرمناک کیسز ہم پر اس حکومت نے بنائے ہیں، ایسے کیس بنانے پر شرم آنی چاہے، اصل کیس ان لوگوں پر غداری کے بننے چاہئیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہاکہ ہماری حکومت بڑی سازش کے تحت ہٹائی گئی، قوم کے سامنے مراسلہ رکھا، چیف جسٹس اور صدر کو خط لکھا، قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے خط کو رکھا، سب کو بتایا مراسلہ میں پاکستان کی جمہوریت کے خلاف سازش ہورہی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس سازش میں ہمارے ملک کے میر جعفر اور میر صادق شامل تھے، پہلے لوگوں نے ماننا نہیں، بڑے صحافیوں نے کہا جھوٹ ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ وزیر اعظم اور باقی اپوزیشن نے کہا جھوٹ ہے، بعد میں وہ سب مراسلہ ثابت ہوا اور سب مان گئے وہ موجود ہے۔ عمران خان نے کہاکہ اب ایک امریکی دفاعی تجزیہ کار کی ویڈیو نکل ہے، وہ کہہ رہی ہیں وزیر اعظم کو اس لئے ہٹایا کہ وہ آزاد خارجہ پالیسی چلانا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی تجزیہ کار نے کہا کہ وزیر اعظم چین سے تعلقات اور روس سے تجارت بڑھا رہا تھا۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ امریکی تجزیہ کار کے بیان سے واضح کیا کہ اس لئے وزیر اعظم کو تبدیل کیا گیا، یہ وزیر اعظم امریکی مفاد کی خاطر پاکستان کے مفاد کو قربان کرے گا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ یہ ایک ایجنڈے پرآئے ہیں، سازش کے تحت انہیں اوپر بیٹھایا گیا ہے، ان کو اس لئے لایا گیا کہ یہ ان کی ساری بات مانیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس مراسلہ پر تحقیقات کی جانا چاہیں، کمیشن بننا چاہیے،کمیشن میں اس پر کھلی سماعت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ جب یہ تحقیقات ہوں گی تو پتا چلے گا کہ کس نے غداری کی اس ملک کے ساتھ، کس طرح توہین مذہب کے شرمناک کیسز ہم پر اس حکومت نے بنائے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے کیس بنانے پر شرم آنی چاہیے،اصل کیس ان لوگوں پر غداری کے بننے چاہئیں۔