ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی دو خواتین نے حسن سلوک اور مہمان نوازی کی قومی روایت کو منفرد انداز میں پیش کرکے ایک بار پھر اس کی زندہ مثال قائم کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک پاکستانی مسافر اور کافی فروش سعودی خواتین کے درمیان مکالمہ دیکھا جا سکتا ہے۔ پاکستانی مسافر
ابرار حسن کئی ملکوں کا زمینی سفر کرتے ہوئے حرمین شریفین کی زیارت کے لیے سعودی عرب آئے ہیں سعودی قوم کی مہمان نوازی اور حسن سلوک سے بے حد متاثر ہیں۔وہ ریاض اوررماح کے درمیان شاہراہ پر موٹرسائیکل چلاتے ہوئے ایک جگہ رکے جہاں خواتین کافی فروش کا ایک ٹی اسٹال ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابرار حسن اپنی ٹوٹی پھوٹی عربی میں خواتین سے بات کرتا ہے۔ جواب میں وہ اس سے شہریت پوچھتی ہیں جس پروہ بتاتا ہے کہ وہ پاکستانی شہری ہے۔خواتین اسے مشہورعربی قہوہ پیش کرتی ہیں۔ وہ اس کے عوض انہیں ادائیگی کرنا چاہتا ہے مگرخواتین اس کی قیمت لینے سے انکار کردیتی ہیں۔ان کے درمیان بے ساختہ مکالمہ ہوا اور دونوں عورتوں نے اس سے پوچھا کہ تم مسافر ہو؟اس نے کہا کہ ہاں!تو وہ حیران رہ گئیں کہ ابرار موٹرسائیکل پر پاکستان سے یہاں پہنچا ہے۔ اس نے پوچھا کہ یہ راستہ مکہ کو جاتا ہے توان میں سے ایک نے کہا کہ مکہ ہی کو جاتا ہے امریکا تو نہیں جاتا۔اس نے انہیں یہ بھی بتایا کہ وہ پاکستان سے مکہ آنے کے لیے آرہا ہے۔ دونوں خواتین نے ان سے کہا کہ وہ پاکستان واپسی پر ان کی دکان پر دوبارہ آئیں۔پاکستانی مسافر کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی۔اس پر صارفین نے دونوں خواتین کے اخلاق اور حسن سلوک کی تعریف کی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ خواتین نے سعودی قوم کی غیر ملکیوں سے سخاوت اور مہمان نوازی کی مثال زندہ کی ہے۔