لاہور( این این آئی) نو منتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، لاہورہائیکورٹ کے حکم پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزیر اعلی پنجاب کے عہدے حلف لیا ۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس کے لان میں منعقد ہوئی جس میں
مسلم لیگ (ن) کی نائب صد رمریم نواز، شریف فیملی کے دیگر افراد ،وفاقی وزراء ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، پارٹی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران ، متحرک کارکنان سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ۖ پیش کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے حلف لینے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا حکم پڑھ کرسنایا اوربعدا زاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف کامرحلہ مکمل ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو مبارکباد دی جبکہ پنڈال میں موجود لیگی رہنمائوں اور کارکنان نے شیر شیر کے نعرے لگائے ۔ بعد ازاں مریم نواز ، وفاقی وزراء اور دیگر نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ۔حمزہ شہباز نے پنجاب کے 21 ویں وزیراعلی کی حیثیت سے حلف اٹھا ہے۔گورنر ہائوس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہائوس جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔