راولپنڈی(آئی این پی) آن لائن شکایات کیلئے قائم کیے گئے ”پاکستان سٹیزن پورٹل” اور ”پنجاب پورٹل” بھی نئی حکومت آنے کے بعد افادیت کھونے لگے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں آن لائن شکایات کیلیے قائم کیے گئے ”پاکستان سٹیزن پورٹل” اور ”پنجاب پورٹل” بھی نئی
حکومت آنے کے بعد افادیت کھونے لگے۔ دونوں پورٹلز پر درج ہونے والی نئی شکایات پر ایکشن غیراعلانیہ طور پر روک دیا گیا، شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر شہریوں کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے پورٹل قائم کیے تھے جس میں شہری گھر بیٹھے کسی بھی محکمے کے خلاف شکایت درج کرا سکتے تھے، سٹیزن پورٹل اورپنجاب پورٹل پردرج ہونے والی شکایات خود وزیر اعظم اوروزیراعلی بھی دیکھ سکتے تھے۔پنجاب حکومت کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حکومت کے خاتمے کے بعد نئی آنے والی حکومت نے آن لائن سٹیزن پورٹل پرکوئی دلچسپی ظاہرنہیں کی، اب تک اس پر 40 لاکھ شکایات موصول ہو چکی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ حکومت نے اس سٹیزن پورٹل کو پھر سے فعال رکھنے کا اعلان کر دیا تو اس پر دوبارہ کام شروع ہو جائے گا، شہریوں نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیزن پورٹل اور پنجاب پورٹل پر کام کو جاری رکھا جائے۔