اسلام آ باد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو فاطمہ جناح پارک (ایف نائن پارک) میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم دے دیا۔ تحریک انصاف نے ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر عدالت سے ر جوع کیا تھا۔ پی ٹی آئی اسلام آبادکے صدر
علی نواز اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وزارت داخلہ، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا تھا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ پارک میں اسکرین پرلاہور جلسہ دکھانے کی اجازت دی جائے اور لاہور میں جلسے کی بڑی اسکرین پر لائیو براڈ کاسٹ کی اجازت دی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا وقاص اسلام آبادہائی کورٹ میں پیش ہوئے تو عدالت نے استفسار کیا کہ یہ پرامن جلسہ کرنا چاہتے ہیں اس میں حرج کیا ہے؟ رانا وقاص نے کہا کہ یہ 4 سے 6 ہفتے مانگ رہے ہیں،اس طرح ایف نائن پارک میں اجازت نہیں دے سکتے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے رانا وقاص سے مکالمے میں کہا کہ یہ آج کی اجازت مانگ رہے ہیں وہ آپ دے سکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ مناسب پابندیاں لگا سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کی درخواست انتظامیہ کو جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کے ساتھ نمٹادی۔