لاہور(آئی این پی، این این آئی ) گورنر پنجاب نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،گورنر پنجاب آئینی ماہرین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔اتوار کو لاہور میں گورنر ہائو س میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق گورنر پنجاب نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،گورنر پنجاب آئینی ماہرین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے،گورنر پنجاب نے آئینی ماہرین سے مشاورت کیلئے آج دوبارہ اجلاس طلب کر لیا،ترجمان گورنر ہائو س کے مطابق فیصلہ سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا،گورنر پنجاب نے کل سیکرٹری پنجاب اسمبلی سے رپورٹ طلب کی تھی۔دوسری جانب ترجمان پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ پہلے ڈپٹی سپیکر کے خلاف اور اس کے بعد سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہو گی ۔ ترجمان کے مطابق ڈپٹی سپیکر کے خلاف پہلے تحریک عدم اعتماد جمع ہوئی ہے ا س لئے اس پر پہلے ووٹنگ ہوگی۔سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بعد میں جمع ہوئی ہے لہٰذااسپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ بھی بعد میں ہوگی۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے انعقاد کے بعد ڈپٹی سپیکر کے پاس سپیکر کے اختیارات نہیں رہے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوتا ہے۔16 اپریل 2022 کو وزیر اعلی کے انتخاب کا عمل مکمل کروانے کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ختم ہو چکا ہے ۔