لکھنو(این این آئی)بھارتی ریاست اترپردیش میں دو مسلمان نوجوانوں کا پاکستانی گانا سننا جرم بن گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو کم سن مسلمان نوجوانوں کی گرفتار کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پیش آیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مقامی شہری نے کریانے کی دکان چلانے والے کم عمر نوجوانوں کو موبائل فون میں پاکستانی گانا سننے سے منع کیا جس پر تلخ کلامی بھی ہوئی اور پھر شہری نے ویڈیو بنا کر ٹوئٹر پر ڈال دی۔رپورٹس میں کہا گیا کہ شہری کی درخواست پر مقامی پولیس نے نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ گانے میں پاکستان کیلئے تعریفی کلمات ادا کیے گئے ہیں۔دوسری جانب اہل خانہ کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز دونوں نوجوانوں کو پولیس نے پوری رات حراست میں رکھا۔ رپورٹس کے مطابق دونوں نوجوان آپس میں کزن ہیں اور ان کی عمریں 16 اور 17 سال ہیں۔